ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ملک کے ائیرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ کا بہترین اور موثر نظام موجود ہے۔
معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اسکریننگ اور ٹیسٹنگ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتےہوئے ان کا کہنا تھا کہ تمام ایئرپورٹس پر کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بھرپور اور موثر اقدامات کررہے ہیں اور انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کی سفارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنارہے ہیں۔
انھوں نےبتایا کہ تمام ایئرپورٹس اور پوائنٹ آف انٹریز پر ٹیسٹنگ اوراسکریننگ کے نظام کو مضبوط بنایا ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ حکومت کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔عوام کو چاہیئے کہ کرونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کریں۔ ماسک کا استعمال کریں اور تمام اہل افراد ویکسینیشن ضرور کروائیں۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر باہر سے آنے والے مسافروں کی روزانہ کی بنیاد پرریپیڈ انٹیجن کٹ سے ٹیسٹنگ کی جارہی ہے۔
انشاء اللہ آج ملک میں اب تک ہونے والی کرونا ویکسینیشن کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر جائے گی. الحمدللہ لوگ رجسٹر بھی کر رہے ہیں اور ویکسین بھی بڑی تعداد میں لگائی جا رہی ہیں. اگر آپ نے ابھی تک نہیں لگوائ تو جلد ہی لگوائیں
— Asad Umar (@Asad_Umar) June 9, 2021
اس کےعلاوہ این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ آج پاکستان میں اب تک ہونے والی کرونا ویکسینیشن کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر جائے گی۔ عوام کی بڑی تعداد رجسٹر بھی ہورہی ہے اور ویکسین بھی بڑی تعداد میں لگائی جا رہی ہے۔
بدھ کو این سی او سی نے بتایا ہے کہ 24 گھنٹوں میں 1 ہزار 118 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں مثبت کرونا کیسز کی شرح 2.54 فیصد ہے۔ کرونا کے باعث سب سے زیادہ پنجاب میں 48 اور سندھ میں 20 اموات ہوئیں۔ خیبرپختونخوا میں 6 اموات ہوئیں جبکہ بلوچستان میں 1 اور آزاد کشمیر میں 2 اموات ہوئیں۔کرونا سے مجموعی اموات کی تعداد 21 ہزار 453 ہو گئی ہے۔
متعلقہ خبریں