اسحاق ڈار کی بطور وزیر خزانہ نامزدگی کے بعد ڈالر کی قدر میں کمی

امریکی ڈالر کی قیمت 239 روپے سے کم ہو کر 237 ہو گئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان مسلم لیگ نواز کی قیادت کی جانب سے اسحاق ڈار کی بطور نئے وزیر خزانہ نامزدگی کے بعد پاکستان میں روپے کی قدر میں بہتری رپورٹ کی جا رہی ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو انٹر بینک میں روپے کی قدر میں اڑھائی روپے سے زائد کی بہتری دیکھی جا رہی ہے۔
کاروبار کے آغاز میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 239 روپے سے کم ہو کر 237 ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں
 معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری دو روز میں بھی روپے کی قدر خاص کمی نہیں ہوئی تھی اور آج صبح سے روپے میں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق پیر کے روز کاروبار کے آغاز پر انٹر بینک میں ایک امریکی ڈالر 237 روپے 19 پیسے  پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ 
 فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں گزشتہ ہفتے سے استحکام نظر آیا ہے، جبکہ ہفتے کے آخری دو روز میں بھی روپے کی قدر میں کوئی کمی نہیں دیکھی گئی تھی۔ 
انہوں نے ڈالر کی قیمت میں مزید کمی کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے روپے کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں لیکن ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔