اسلام آباد:آصف زرداری کواحتساب عدالت نےذاتی حیثیت میں طلب کرلیا

غلام سرور کے جسمانی ریمانڈ میں 21 جون تک توسیع

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کو 8 ارب روپے کی مبینہ غیرقانونی ٹرانزیکشن کیس میں 29 جون کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔سابق صدر کے مبینہ فرنٹ مین کو بھی اُس ہی روزطلب کرلیا گیا۔

نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر 5 ویں ریفرنس میں آصف زرداری کو ذاتی طور پر پیش ہونے کیلئے نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ان کے مبینہ فرنٹ مین مشتاق احمد سمیت 29 جون کو احتساب عدالت نمبر 3 میں پیش ہو کر ریفرنس کا جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیب ریفرنس کے مطابق آصف علی زرداری نے ایوان صدر کے اسٹینو گرافر مشتاق احمد کا نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ساتھ جوائنٹ اکاونٹ کھلوایا۔مبینہ کرپشن اور منی لانڈرنگ کی رقوم اسی اکاؤنٹ میں رکھی جاتی رہیں اور پھر اسی اکاؤنٹ سے آصف زرداری کا گھرخریدنے کیلئے ادائیگی بھی ہوئی۔

دوسری جانب سندھ ٹریکٹر سبسڈی کرپشن کیس میں گرفتار ملزم غلام سرور کے جسمانی ریمانڈ میں 21 جون تک توسیع کردی گئی۔غلام سرور کے2 شریک ملزمان پہلے ہی  پلی بارگین کر چکےہیں۔

متعلقہ خبریں