اسلام آباد:تمام عدالتوں کے ملازمین کیلئے کرونا ویکسین لازمی قرار

فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالت عالیہ اور ماتحت عدلیہ کے تمام ملازمین کیلئے کرونا ویکسین لازمی قرار دے دی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے تمام عملے کو 30 روز میں ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے ویکسین سے متعلق سرکلر بھی جاری کردیا گیا ہے۔

جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ خطرناک کرونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں بہت لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔ کرونا کے مثبت کیسز اور اس سے متاثرہ افراد کی اموات کی بڑی شرح موجود ہے۔

مفاد عامہ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس کے تمام ملازمین ویکسین لگوائیں گے۔ سرکلر جاری ہونے کے 30 روز کے اندر ہائی کورٹ اور ماتحت عدلیہ کے ہر ملازم پر ویکسنیشن سرٹیفکیٹ جمع کرانا لازم ہوگا۔

متعلقہ خبریں