اسلام آبادسمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں 6.4شدت کازلزلہ

Earthquake

فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ جھٹکے اسلام آباد، سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا تک محسوس کئے گئے۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے مطابق زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 80 کلو میٹر اور مرکز تاجکستان کے پہاڑی علاقوں میں تھا۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر زاہد رفیع نے سماء ٹی وی کو بتایا کہ زلزلہ پاکستان میں 10:02 منٹ پر محسوس کیا گیا اور اس کا دورانیہ تقریباً 40 سیکنڈ تھا، ابھی تک کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی، شمالی علاقوں میں نقصانات ہوسکتے ہیں۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، لیہ، چیچہ وطنی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چک جھمرہ، شکرگڑھ، ظفروال، ڈجکوٹ، مچن آباد، میانوالی، تاندلیانوالہ، کمالیہ، چنیوٹ، پتوکی، پھول نگر، نوشہرہ ورکاں، چکوال، سانگلہ ہل، خوشاب، نارووال، احمد آباد، کرتار پور، رینالہ خورد، بورے والا، حافظ آباد، شورکوٹ، کامونکی، دیپالپور و گردونواح میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے۔

لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، کچھ علاقوں سے مکانات میں دراڑیں پڑنے اور شیشے ٹوٹنے کی بھی اطلاعات ہیں، تاحال کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

خیبرپختونخوا میں پشاور، سوات، مالاکنڈ، چارسدہ، اپر اور لوئر دیر، مہمند، ڈیرہ اسماعیل خان، مانسہرہ، بٹگرام، بالاکوٹ، مردان، ٹانک، شمالی وزیرستان، نوشہرہ، بونیر، لکی مروت، صوابی اور کوہاٹ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

گلگت بلتستان سميت مختلف قریبی شہروں بھی زلزلے سے لرز اٹھے، مظفر آباد، آزاد کشمیر کے کچھ علاقوں میں بھی جھٹکے محسوس کئے گئے، بلوچستان میں کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا۔

زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے، ریسکیو ٹیموں کو الرٹ کردیا گیا۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق پاکستان، افغانستان، چین اور تاجکستان کے پہاڑی علاقوں میں آنیوالا زلزلہ 5.9 شدت کا تھا۔

مری اور دیگر شمالی سیاحتی علاقوں میں موجود لوگ خوفزدہ ہو کر ہوٹلوں سے باہر نکل آئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تاجکستان میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے مقبوضہ کشمیر سے دہلی تک بھی محسوس کئے گئے۔

متعلقہ خبریں