اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شرجیل خان کی جارحانہ بیٹنگ

کراچی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا چھٹا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان جاری ہے۔
کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 197 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان کے 196 رنز بنائے۔ 
کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا اور وکٹ کے چاروں طرف شاندار سٹروکس کھیلے۔
شرجیل خان نے شاندار بلے بازی کا مظاہری کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ 6 کی پہلی سینچری سکور کی۔ وہ 59 گیندوں پر 105 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی سنچری میں 9 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ بابر اعظم 62 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
دونوں اوپنرز نے 68 گیندوں پر 100 رنز کی شراکت داری مکمل کی۔ بابر اعظم نے 38 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی۔
مزید پڑھیں
 
کراچی کنگز نے اپنے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی تھی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی اپنا پہلا میچ ملتان سلطانز سے سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے جیتا تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے آخری پانچ میچز میں سے تین اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیتے اور دو میں کراچی کنگز نے کامیابی حاصل کی تھی۔
آج کے میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی یہ ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ:

ایلکس ہیلز، فِل سالٹ، شاداب خان (کپتان)، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، لیوس گریگوری، فہیم اشرف، حسن علی، ظفر گوہر، محمد وسیم۔

 کراچی کنگز:

بابر اعظم، شرجیل خان، عماد وسیم (کپتان)، کولن انگرام، جو کلارک، محمد نبی، ڈینیل کرسٹین، عامر یامین، وقاص محمود، محمد عامر، ارشد اقبال۔ 

بابر اعظم نے 38 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پی ایس ایل 6 کا پہلا مرحلہ سات مارچ تک کراچی میں جاری رہے گا، جبکہ اگلا مرحلہ 10 مارچ سے لاہور میں شروع ہو گا جہاں بقیہ میچز سمیت فائنل کا انعقاد بھی لاہور میں ہو گا۔
پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت لاہور قلندرز چار پوائنٹس کے ساتھ سب سے اوپر ہے۔ اس کے بعد کراچی کنگز اور پھر اسلام آباد یونائیٹڈ کا نمبر ہے۔ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کی بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن ہے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سب سے آخر میں ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے آخری پانچ میچز میں سے تین اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیتے (فوٹو: اے ایف پی)
خیال رہے کہ پشاور زلمی کو پی ایس ایل 6 میں اپنی پہلی فتح گذشتہ روز حاصل ہوئی۔ ملتان سلطانز کے ساتھ ہونے والے میچ میں پشاور زلمی نے ٹام کیڈمور اور حیدر علی کی تیز رفتار بیٹنگ کی بدولت 194 رنز کا ہدف ایک اوور پہلے ہی پورا کر لیا تھا۔
ملتان سلطانز نے 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے تھے۔ جیمز وینس نے 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔