اسلام مخالف صحافی کی سربراہی میں فرانسیسی ’فاکس نیوز‘ سب سے آگے

جمعرات 6 مئی 2021 13:10

اپنے شو میں زیممور نے اسلام پر ’فرانس کو تباہی کی طرف دھکیلنے‘ کا الزام عائد کیا (فوٹو: روئٹرز)

سی نیوز جسے’ فرانس کا فاکس نیوز‘ بھی کہا جاتا ہے، پیر کو پہلی بار فرانس میں سب سے زیادہ 24 گھنٹے دیکھے جانے والے چینل کے طور پر دیگر چینلز پر بازی لے گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق فرانس کے چینل سی نیوز کو ایرک زیممور چلا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
ایریک زیممور کو 2019 میں اس وقت چینل میں ملازمت دی گئی تھی جب نیوز چینل نے اپنا فارمیٹ تبدیل کرتے ہوئے اپنے پلیٹ فارم سے قدامت پسند نظریات اور تنازع کا باعث بننے والے بیانات کا پرچار شروع کیا۔
اپنے شو میں زیممور نے اسلام پر ’فرانس کو تباہی کی طرف دھکیلنے‘ کا الزام عائد کیا اور حالیہ سالوں میں فرانس میں ہجرت کرنے والے ہزاروں تنہا افراد کو ’چور، قاتل اور ریپسٹ‘ قرار دیتے ہوئے ان کو بے دخل کر دینے کا مطالبہ کیا۔
62 سالہ اسلام مخالف صحافی اور ادیب ایرک زیممور کی ریاست کی نشریاتی انتظامیہ نے مذمت کی ہے لیکن اس کے باوجود ان کے شو کو دیکھنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔
جس کے نتیجے میں انہیں دائیں بازو کے صدارتی امیدوار میرین لے پن کے متبادل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
زیممور پر حالیہ ہفتوں میں کئی خواتین بشمول صحافیوں اور ٹاؤن کونسلر کی جانب سے جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ سی نیوز کا کہنا ہے کہ وہ اپنے سٹار براڈکاسٹر کی حمایت میں کھڑا ہے اور وہ انہیں آن ایئر رکھے گا۔