اسمبلی میں عمران خان کی سیٹ یوں خالی ہوتی ہے جیسے غریب کی جیب: شہباز شریف

اتوار 4 جولائی 2021 17:39

شہباز شریف نے کہا ’وہ جو کہتا ہے گھبرانا نہیں، میں تو کہتا ہوں گھبراؤ اور اس کو بھگاؤ۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ ’آج بھی میرے کانوں میں عمران خان نیازی کے وہ الفاظ گونجتے ہیں جب اس نے کہا تھا کہ میں خیبرپختون خوا میں ساڑھے تین سو منی ڈیمز بنا کر سستی بجلی دوں گا ، اس کا کیا ہوا۔‘
اتوار کو سوات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا شہباز شریف نے کہا ’یہ کس عمران خان کو آپ لے آئے جس نے روایات کو پامال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، آج اسمبلی کے اجلاسوں میں عمران خان کی سیٹ یوں خالی ہوتی ہے جیسے غریب کی جیب خالی ہوتی ہے۔‘
مزید پڑھیں
’انہوں نے کہا تھا پچاس لاکھ گھر دوں گا غریبوں کو ایک اینٹ نہیں دی، دعویٰ کیا کہ میں ایک کروڑ نوکریاں دوں گا لیکن اس کے دور میں لاکھوں لوگ بے روزگار ہو گئے۔ اس نئے پاکستان سے تو وہ پرانا پاکستان بہتر تھا جہاں لوگوں کو روٹی ملتی تھی۔‘
نواز شریف کے دور میں پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں دوائیاں مفت ہوتی تھیں ، کینسر کا علاج مفت ہوتا تھا، آج غریب مریض بغیر دوائی اور علاج کے سسک سسک کر مر رہے ہیں۔‘
مسلم لیگ ن کے سربراہ نے کہا کہ ’عمران خان تو بنی گالہ کے محلات میں بیٹھا ہے، اسے کیا پتا کہ سوات میں ، رحیم یار خان میں یا لاڑکانہ میں ایک غریب آدمی پر کیا گزر رہی ہے۔‘
میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ اگر آپ نے پی ڈی ایم کو موقع دیا تو ہم خیبر پختونخوا کو آگے لے کر جائیں گے اور اسے پاکستان کا بہترین صوبہ بنائیں گے۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’وہ جو کہتا ہے گھبرانا نہیں، میں تو کہتا ہوں گھبراؤ اور اس کو بھگاؤ۔‘