افغانستان میں پشتون اورتاجک کے درمیان امن کیلئے کام کرینگے،وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان دوشنبے میں پاکستان تاجکستان جوائنٹ بزنس فورم سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تاجک صدر امام علی رحمان کے ساتھ مل کر افغانستان میں پشتون اور تاجک کے درمیان امن کے قیام پر کام کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان تاجکستان کے دو روزہ پر آج (جمعرات کو) دوشنبے پہنچے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

دوشنبے میں پاکستان تاجکستان جوائنٹ بزنس فورم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے تاجکستان کی بزنس کمیونٹی کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اور تاجک صدر جلد ملاقات کریں گے، افغانستان کی دو بڑی لسانی اکائیوں پشتون اور تاجکوں کے درمیان امن کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کریں گے کہ دونوں قومیتیں اکٹھی رہیں اور افغانستان میں ایک جامع حکومت تشکیل پائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم صرف امید اور دعا ہی کرسکتے ہیں کہ چالیس سالہ تنازعات کے بعد افغانستان میں امن قائم ہو، افغانستان میں امن کا قیام پاکستان تاجکستان تجارت اور رابطوں کیلئے انتہائی اہم ہے۔

کاسا 1000 منصوبے میں تیزی لانے کا ارادہ

عمران خان نے مزید کہا کہ تاجکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے، بدقسمتی سے پاکستان میں بجلی کی قیمت بہت زیادہ ہے اور تاجکستان میں کلین انرجی کے بہت سے مواقع ہیں، جن سے فائدہ اٹھانے کیلئے ہم توانائی کے منصوبے کاسا 1000 کی جلد تکمیل چاہتے ہیں۔

پاکستان تاجکستان کے درمیان تجارت کے مواقع

وزیراعظم عمران خان جو دوشنبے تاجکستان کے پہلے دورے پر ہیں، نے کہا کہ پاکستان تاجکستان کیلئے ایک بڑی مارکیٹ ہے،  سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر ممکن مدد فراہم کریں گے، پاکستانی بزنس کمیونٹی کیلئے بھی آسانیاں پیدا کررہے ہیں، پاکستان سے مختلف شعبوں کی 67 کمپنیاں تاجکستان آئی ہیں، عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی حکومت ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔

سربراہ مملکت سے ملاقاتیں

دوشنبے پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے تاجک ہم منصب کوخیر رسول زادہ سے ملاقات کی۔

دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان سے قازقستان کے صدر قاسم جمرات توکاییو سے ملاقات، جس میں دونوں جانب سے وفود نے بھی شرکت کی۔

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال کی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، جس کے بعد انہیں سوینیئرز اور تحائف بھی پیش کئے۔

تازہ ترین

ملا برادر دنیا کے بااثر افراد کی فہرست میں شامل
سندھ: 15سال کےبچوں کیلئے کرونا ویکسین لازمی قرار
لاہور: جمعہ اور ہفتہ کو مارکیٹیں بند کرنے کافیصلہ واپس
اسکول ڈیسکوں کی خریداری کامعاملہ سندھ ہائیکورٹ پہنچ گیا