پاکستان سے بیرون ملک جانے والے ورکرز اور طلبہ کو کورونا ویکسین لگوانے کے لیے عمر کی حد سے استثنیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی حکومت نے بیرون ملک جانے والے ورکرز اور طلبہ کو عمر کی حد سے استثنیٰ دیتے ہوئے کورونا ویکسین لگوانے کی اجازت دیدی ہے جس کے بعد ملازمت یا تعلیم کی غرض سے بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کسی بھی ویکسین سینٹر سے کورونا ویکسین لگوا سکیں گے۔
مزید پڑھیں
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد زعیم ضیاء نے اردو نیوز کو بتایا کہ این سی او سی کے اجلاس میں 18 سال سے زائد عمر کے بیرون ملک جانے والے ملازمین اور طلبہ کو کورونا ویکسین لگوانے کی منظوری دیدی ہے، جس کا آغاز 21 مئی سے کیا جائے گا۔’
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگوائی جارہی ہے جبکہ 30 سال سے زائد عمر افراد کی کورونا ویکسین لگوانے کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔
زعیم ضیاء کے مطابق ‘سٹوڈنٹ ویزا، اقامہ ہولڈرز، ورک پرمٹ اور ویزا رکھنے والے افراد کسی بھی ویکسین سینٹر سے کورونا ویکسین لگوا سکتے ہیں۔’
انہوں نے مزید بتایا کہ 21 مئی سے کسی بھی ویکسین سینٹر جا کر پاسپورٹ اور ویزے کی کاپی فراہم کرنے کے بعد ویکسین لگوائی جاسکے گی جبکہ ایسے افراد کو کسی رجسٹریشن کے عمل سے گزرنا نہیں پڑے گا۔

پاکستان میں عام شہریوں کو عمر کے لحاظ سے مرحلہ وار ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی