اقوام متحدہ کی ہوا بازی کی ایجنسی نے بیلاروس کی جانب سے رایان ایئر کے طیارے کی سمت تبدیل کیے جانے اور اس میں سوار صحافی کی گرفتاری کے معاملے کی تحقیقات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جی سیون میں شامل عالمی طاقتوں نے صحافی رومان پروٹا سیوچ کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے اور یورپی فارن پالیسی کے چیف نے سخت پابندیاں عائد کیے جانے کی دھمکی بھی دی ہے۔
مونٹریال میں قائم انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کونسل کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’واقعے کی تحقیقات کرنے اور حقائق سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
مزید پڑھیں
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اجلاس میں ارکان نے اس امر پر زور دیا کہ پتہ لگایا جائے وہاں کیا ہوا تھا اور آیا کہ آئی سی اے او کے رکن کی جانب سے بین الاقوامی ہوابازی کے قانون کی خلاف ورزی ہوئی۔‘
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو، جو ماسکو کی جانب سے بھرپور حمایت رکھتے ہیں، نے اتوار کے روز رایان ایئر کے جہاز کی سمت تبدیل کر کے عالمی سطح پر شدید غصے کی کیفیت پیدا کر دی ہے، جس میں 26 سالہ پروٹا سیوچ اپنی دوست 23 سال صوفیہ سیپیگا کے ساتھ سوار تھے، جو ایتھنز سے ویلییوس جا رہا تھا۔
بیلاروس کے حکام کی جانب سے پیر کو جاری کی جانے والی ویڈیو میں پوسٹا سیوچ کو آخری بار دیکھا گیا جس میں وہ پریشان نظر آ رہے ہیں، اور وہ بظاہر تسلیم کر رہے ہیں کہ انہوں نے بڑے پیمانے پر بدامنی پھیلانے میں مدد دی۔ یہ الزام ان کو 15 سال تک جیل میں رکھ سکتا ہے۔

بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کو ماسکو کی جانب سے بھرپور حمایت حاصل ہے (فوٹو: روئٹرز)