البانیہ پر سائبر حملہ، امریکہ نے ایران پر نئی پابندیاں لگا دیں

جمعہ 9 ستمبر 2022 18:25

امریکی محکمہ خزانہ نے کہا ہے کہ وزارت انٹیلیجنس اور سکیورٹی سائبر حملے کرنے والے متعدد نیٹ ورکس کو ہدایات دیتی ہے(فائل فوٹو:اے ایف پی)

امریکہ نے ایران کے وزارت انٹیلیجنس و سکیورٹی اور اس کے وزیر پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکہ نے جمعے کو یہ پاپندیاں عائد کرتے ہوئے ایران پر الزام لگایا کہ اس نے جولائی میں البانیہ پر سائبر حملے کیے تھے۔
مزید پڑھیں
ایران پر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف سائبر سرگرمیوں کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
امریکہ کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب البانیہ نے بدھ کو ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے بعد رواں برس جولائی میں ہونے والے سائبر حملے کا الزام ایران پر عائد کیا۔
یاد رہے کہ اس واقعے کے بعد البانیہ نے ایرانی سفارت کاروں اور سفارت خانے کے عملے کو 24 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنے کا دے دیا تھا۔
امریکی محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزارت انٹیلیجنس اور سکیورٹی سائبر دھمکیوں کے متعدد نیٹ ورکس کو ہدایات دیتی ہے۔ ان نیٹ ورکس میں ایران کی حمایت میں سائبر جاسوسی اور تاوان کے لیے سافٹ وئیر ہیک کرنے جیسے حملوں میں ملوث افراد بھی شامل ہیں۔