انتخابی اصلاحات کے لیے اتفاق رائے ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ الیکشن اصلاحات یک طرفہ نہیں بلکہ باہمی مشاورت سے ہوسکتی ہیں اور اس کے لیےاتفاق رائے ضروری ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے نتیجے کے بارے میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ پیپلزپارٹی کے لیے حیران کن تھا۔ پورے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی گنتی کے دوران کوئی شکایت نہ تھی اور خوش اسلوبی سے انتخاب مکمل ہونے پر مطمئین تھے۔انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو قبول کیا ہے۔
مرادعلی شاہ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پر حیرت ہوتی ہے۔ ان کے ایک وزیر چاند دیکھا کرتے تھے لیکن دوسرے وزیر نے کہا کہ یہ ہمارا کام ہی نہیں ہے۔ مراد علی شاہ نے نام لئے بغیر کہا کہ ایک وفاقی وزیر نے ایس او پیز پر عمل کرنے کا گیج میٹر نکال لیا ہے۔ حکومت ہمیں بھی بتائے کہ یہ کیسا ممکن ہوا،ہم بھی ایسا کرلیتے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ این سی سی میں کہا تھا کہ 31 مارچ سے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنی چاہیے تو صورتحال پر قابو پانے میں مدد ملتی۔ اس وقت پاکستان سے دنیا میں کہیں بھی جائیں تو14 دن آئیسولیشن میں رہنا ہوگا۔
سندھ سے متعلق انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات سے مطمئین نہیں ہوں اور جو اقدامات کرنے چاہئے وہ نہیں کرپارہے لیکن اسپتالوں کی صورتحال قدرے بہتر ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کوشش یہ ہے کہ اگر کووڈ وارڈ میں تمام بستر بھر بھی جائیں تو کم از کم آکسیجن کی فراہمی جاری رہے۔ کراچی میں سہولیات پھر بھی بہتر ہیں لیکن اگر دیہی سندھ میں ایسے ہی پھیلاؤ ہوتا تو مشکلات ہوتیں۔
انھوں نے بتایا کہ سندھ اسمبلی کا سیشن آن لائن ہورہا ہے لیکن کرونا وائرس کا پھيلاؤ روکنے کيلئے مزيد اقدامات کرنا ہونگے۔ اس وقت سندھ میں دفاتر میں حاضری 20 فیصد کردی ہے۔
یوم علی کے حوالے سے مراد علی شاہ نے بتایا کہ منگل کو یوم علی کے جلوس پورے پاکستان میں نکلے ہیں۔ سندھ نے تجویز دی تھی کہ پورے ملک میں ایک جیسی پالیسی رکھی جائے کیونکہ مذہبی معاملہ حساس ہوتا ہے۔ تاہم ایک روز قبل دوپہر میں پتہ چلا کہ جلوس پر پابندی ہے اور پھر صدرمملکت کا پیغام آ گیا کہ جلوس پر پابندی نہیں اور ایس او پی پرعمل کریں۔ مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ سندھ حکومت نے یوم علی کے جلوس کی اجازت دینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا تھا۔
متعلقہ خبریں