امریکا شرائط پوری کرے تو ترکی کابل ایئرپورٹ کا انتظام سنبھال لے گا: اردوغان

منگل 20 جولائی 2021 11:31

گزشتہ ہفتے طالبان نے ترکی کی جانب سے کابل ایئر پورٹ کا انتظام سنبھالنے کو ’قابل مذمت‘ فعل قرار دیا تھا۔(فائل فوٹو، اے ایف پی)

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ ’اگر ہمارا نیٹو اتحادی امریکا کچھ شرائط پوری کرے تو ترکی کابل ایئرپورٹ کا انتظام سنبھال سکتا ہے۔‘
عرب نیوز کے مطابق منگل کے روز شمالی سائپرس سے ایک ٹیلی وژن خطاب کے دوران ترک صدر طیب اردوغان نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم اس وقت امریکی افواج کے افغانستان سے انخلا کے بعد کابل ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے کے بارے میں مثبت رخ میں سوچ رہے ہیں۔‘
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ ’لیکن امریکا کو کچھ شرائط پوری کرنا ہوں گی۔ پہلی شرط یہ ہے کہ امریکا سفارتی تعلقات میں ہمارا ساتھ دے۔ دوسرے وہ اپنے لاجسٹک وسائل کو ہماری جانب پھیر دے اور یہ کہ کابل ایئرپورٹ کو چلانے میں سنجیدہ نوعیت کی مالی اور انتظامی پیچدگیاں ہو سکتی ہیں، امریکا کو چاہیے کہ اس سلسلے میں ہماری ضروری معاونت کرے۔‘
اردوغان نے ترکی کے طالبان سے بات چیت کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’افغانستان میں ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’طالبان نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کیے ہیں، وہ یقینی طور پر ترکی کے ساتھ زیادہ سہولت کے ساتھ ان معاملات پر بات چیت کر سکتے ہیں۔  مجھے یقین ہے کہ ہم کسی نہ کسی سمجھوتے پر پہنچ جائیں گے۔‘
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے طالبان نے ترکی کی جانب سے کابل ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے کو ’قابل مذمت‘ فعل قرار دیا تھا۔