امریکا میں عمارت منہدم، 4افراد ہلاک، 11زخمی، درجنوں لاپتہ

امریکی ریاست فلوریڈا میں کثیر منزلہ عمارت منہدم ہونے سے 4 افراد ہلاک، 11 زخمی اور درجنوں لاپتہ لاپتہ ہوگئے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ اوشین فرنٹ ٹاور نامی 12 منزلہ عمارت منہدم ہونے کے بعد سے 100 سے زائد رہائشی لاپتہ ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ حادثے کے وقت عمارت کے اندر کتنے افراد موجود تھے۔

این بی سی نیوز کے مطابق کثیر منزلہ عمارت کا بڑا حصہ منہدم ہونے سے 4 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ 100 سے زائد افراد لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

خبررساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے ایک شخص نے بتایا ہے کہ عمارت کا ایک حصہ مکمل طور پر منہدم ہوگیا ہے، اب اس کا کوئی وجود نہیں ہے، مجھے اپنے عزیز اور اہل خانہ کے بارے میں کچھ نہیں معلوم ہو پارہا، مجھے نہیں پتہ کہ وہ زندہ ہیں یا نہیں۔

میامی فائر اینڈ ریسکیو سروس حکام کا کہنا ہے کہ عمارت 136 یونٹس پر مشتمل تھی، جس کا 55 یونٹ پر مشتمل شمال مشرقی یونٹ رات ایک بجٹ کر 30 منٹ پر گر گیا۔

میامی کی میئر ڈینیلا لیوائن کاوا کا کہنا ہے کہ اب تک 102 افراد کی گنتی کی گئی ہے جو وہاں موجود ہوسکتے تھے، لاپتہ افراد کی تلاش رات میں بھی جاری رکھی جائے گی، اس کیلئے کھوجی کتوں سے بھی کام لیا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں