امریکی سینیٹ میں منگل کو ایک بل منظور ہوا ہے جس کے تحت امریکہ کی چینی ٹیکنالوجی کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنایا جائے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس بل کے تحت امریکی حکومت کے زیر استعمال موبائل فونز وغیرہ پر ٹک ٹاک ڈاون لوڈ کرنے پر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ چینی حکومت سے منسلک کمپنیوں کے بنائے گئے ڈرونز کی خریداری پر بھی ممانعت ہوگی۔
مزید پڑھیں
اس بل کے تحت سفارتکاروں اور تائیوان کے فوجیوں کو اجازت ہوگی کہ وہ امریکہ میں سرکاری دوروں کے دوران اپنے ملک کا جھنڈا نمایا رکھ سکتے اور اپنی وردی پہن سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں یہ بل ان چینی کمپنیوں پر بھی ضروری پابندیاں عائد کرے گا جو امریکہ میں سائبر حملوں اور امریکی کمپنیوں کے کاپی رائٹس کو چوری کرنے میں ملوث ہیں۔
اس بل کے تحت 190 ارب ڈالر کی منظوری دی گئی ہے جو کہ امریکہ میں ٹیکنالوجی کے شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے اور تحقیق میں استعمال کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، الگ سے 54 ارب ڈالر کی بھی منظوری دی جائے گی جس سے امریکہ میں ٹیلی کمیونیکیشن کے سامان کی پیداوار ہوگی۔ اس میں دو ارب ڈالر ان چپس کی پیداوار میں لگائے جائیں گے جنہیں گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں استعمال کرتی ہیں اور جن کی کمی پائی گئی ہے۔

بل کے تحت امریکی حکومت کے ڈیواسز پر ٹک ٹاک رکھنے پر پابندی ہوگی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی