افغانستان میں ایک حکومتی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکہ اپنے سب سے بڑے فوجی اڈے بگرام ایئر بیس کو 20 دنوں میں افغان فوج کے حوالے کر دے گا۔
ایک امریکی دفاعی عہدیدار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو حتمی تاریخ دیے بغیر بتایا کہ ’میں تصدیق کر سکتا ہوں کہ ہم بگرام ایئر بیس کو (افغان حکومت) کے حوالے کر دیں گے۔‘
سکیورٹی امور سے وابستہ افغان عہدیدار نے کہا ہے کہ ’بگرام ایئر بیس کی حوالگی کا عمل اگلے 20 دنوں میں متوقع ہے، فوجی اڈے کے انتظامی امور سنبھالنے کے لیے وزارت دفاع نے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔‘
مزید پڑھیں
یاد رہے کہ بگرام ایئر بیس سنہ 1980 کی دہائی میں سویت یونین نے تعمیر کی تھی۔ یہ افغانستان میں سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے جہاں ہزاروں کی تعداد میں امریکی اور نیٹو فوجی تعینات رہے ہیں۔
دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے عندیہ دیا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوجوں کے انخلا کا عمل تیز رفتاری سے ہو رہا ہے۔ امریکی سنٹرل کمانڈ کے اندازے کے مطابق فوجی انخلا کا عمل 30 سے 40 فیصد مکمل ہو گیا ہے۔
امریکہ کی دو دہائیوں سے جاری جنگ کو ختم کرنے کی غرض سے اپریل میں امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ ستمبر کے مہینے تک دو ہزار 500 امریکی فوجی اور 16 ہزار کے قریب سویلین کنٹریکٹر افغانستان سے واپس بلا لیے جائیں گے۔
گذشتہ دو دہائیوں سے افغانستان میں بگرام ایئر بیس امریکی فوج کے لیے فضائی اور زمینی کارروائیوں کا مرکز رہا ہے۔ اس سب سے بڑے فوجی اڈے میں ایک جیل بھی قائم ہے جہاں ہزاروں کی تعداد میں جہادی اور طالبان جنگجوؤں کو قید میں رکھا جا چکا ہے۔

بگرام فوجی اڈے پر موجود جیل میں ہزاروں جنگجوؤں کو قید کیا جا چکا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)