امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ

بشکریہ سی این این

امریکی ریاست ٹیکساس میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 14 افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے مصروف شہر آسٹن میں 2 مسلح افراد نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں آس پاس موجود 14 افراد زخمی ہوگئے۔

آسٹن کے محکمہ پولیس کے عبوری چیف جوزیف چیکون نے ہفتہ کو نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ صبح ایک بج کر 30 منٹ پر ریاست کے دارالحکومت کے مصروف علاقے سکستھ اسٹریٹ ایریا میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

پولیس چیف کے مطابق یہ بظاہر دو فریقین کے درمیان کا آپس کا معاملہ لگتا ہے۔ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد عام شہری تھے۔ چیکون نے بتایا کہ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے، جب کہ دیگر 12 کی حالت تسلی بخش ہے۔

واقعے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ آسٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ہفتہ کی شام کو جاری بیان میں بتایا گیا کہ ملزموں میں سے ایک کو ٹاسک فورس کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دوسرے کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔