انتخابی اصلاحات کی دعوت پراپوزیشن نہیں آتی،شیخ رشید

فوٹو: آن لائن

وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کوانتخابی اصلاحات کی دعوت دیتے ہیں لیکن وہ نہیں آتے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اور پی ٹی آئی کے سینیئر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس کےبعد وزیرداخلہ شیخ رشید نے صحافیوں سے بات کرتےہوئے کہا کہ وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں شفاف اور منصفانہ انتخابات کے عزم کا اظہار کیا ہے اورتحریک انصاف غیر جانبدار اور منصفانہ الیکشن کی ضامن ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہم کشمیر میں ثابت کریں گے کہ تاریخ میں پہلی بار منصفانہ الیکشن ہونگے اور جس کو ہار کا خوف ہے وہ شور مچا رہے ہیں۔وزیرداخلہ نے کہا کہ جس نے ہارنا ہے اس نے الزام لگانا ہے اور انہوں نے ہی شور کرنا ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں 3 جلسے کرنے ہیں تاہم ان سے درخواست کی ہے کہ تین کے بجائے پانچ جلسے کریں۔وزیراعظم کا  17، 18 اور 19 جولائی کو کشمیر میں جلسے کرنے کا پروگرام طے ہے۔