انور علی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا، لیگ سےباہر

فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر انورعلی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

کراچی کے معروف ہوٹل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تمام کھلاڑیوں کے کوویڈ ٹیسٹ کئے گئے تھے۔ جس میں آل راؤنڈر انور علی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد اب انور علی ٹیم کے ہمراہ ابوظہبی کے لیے سفر نہیں کرسکیں گے۔

 کرونا کے شکار انور علی کو ہوٹل میں علیحدہ منزل پر قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹر ہی کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کو کرونا کی پرانی ٹیسٹ رپورٹ جمع کروانے پر لیگ سے باہر کرکے گھر بھیج دیا تھا جبکہ ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے ممتاز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کمر کی تکلیف کے سبب پی ایس ایل 6 سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب جنوبی افریقی کرکٹرز اور بھارت سے تعلق رکھنے والے نشریاتی عملے کے ارکان ہنوز متحدہ عرب امارات کے ویزوں کے اجراء کے منتظر ہیں۔