کورونا کیسز میں خوفناک اضافے کے بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ملتوی ہونے کے بعد آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے کرکٹ حکام نے اپنے صف اول کے کھلاڑیوں کو کورونا سے شدید متاثرہ انڈیا سے نکالنے کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بدھ کو کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ ’اگلے دو سے تین دنوں میں سٹیو سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور پیٹ کمنز سمیت 38 کھلاڑیوں اور عملے کو مالدیپ یا سری لنکا لے جانے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔‘
مزید پڑھیں
آئی پی ایل کھیلنے والے انگلینڈ کے 11 کھلاڑیوں میں سے آٹھ واپس لندن پہنچ چکے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ’وہ اپنے ٹیسٹ کرکٹرز کو برطانیہ بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے جہاں ان کی سیریز شیڈول ہے اور اگلے ماہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں انڈیا کے ساتھ مقابلہ بھی ہے۔‘
دنیا کے سب سے امیر کرکٹ ٹورنامنٹ انڈین پریمیئر لیگ کو منگل کو اس وقت ملتوی کر دیا گیا جب چھ شہروں کے بائیو سکور ببل میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں کورونا وائرس کے متعدد کیسز سامنے آئے۔
اس صورت حال نے آسٹریلوی کھلاڑیوں کو بے یارو مددگار کر دیا ہے کیونکہ ان کے ملک واپس آنے پر کم سے کم 15 مئی تک پابندی ہے جبکہ کینبرا نے بھی سرحدیں بند کر دی ہیں اور اس دوران انڈیا سے آنے والوں کو جیل میں ڈالنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

انگلینڈ کے 11 میں سے آٹھ کھلاڑی واپس لندن پہنچ چکے ہیں (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)