انگلینڈ سیریز سےقبل بھارتی کرکٹر کرونا کا شکار

فوٹو: بی سی سی آئی

انگلینڈ کےخلاف سیریز کے آغاز سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے ایک کھلاڑی کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا، جس کے بعد اسے قرنطینہ کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سربراہ جےشاہ نے تصدیق کی ہے کہ بائیو سیکیور ببل کا حصہ بننے سے قبل بھارتی ٹیم کے ایک کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ متاثرہ کھلاڑی کو دیگر کھلاڑیوں سے الگ کر دیا ہے اور وہ جمعرات کو ٹیم کے ساتھ ڈرہم کے لیے سفر نہیں کریں گے۔

بی سی سی آئی نے متاثرہ کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کیا تاہم کھلاڑی میں کرونا وائرس کی بھارت میں پائی جانے والی قسم ‘ڈیلٹا’ موجود ہوسکتی ہے۔ کرونا کی یہ قسم برطانیہ میں بھی تیزی سے پھیل رہی ہے۔

سیریز سے قبل بھارتی اسکواڈ کو برطانیہ کے شہر ڈرہم میں قائم کردہ بائیو سیکیور ببل میں قیام کرنا ہے جس کے لیے کھلاڑی جمعرات کو ڈرہم پہنچیں گے۔

حال ہی میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں شکست دی تھی جس کے بعد انگلینڈ کے خلاف سیریز کو بھارت کے لیے اہم سیریز قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی، سیریز کا آغاز 4 اگست سے ہوگا۔