اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق، شہباز شریف نے فارمولا پیش کر دیا

ہفتہ 26 جون 2021 13:42

یرون ملک مقیم 80 لاکھ پاکستانی ہماری طاقت اور فخر ہیں: شہباز شریف (فائل فوٹو: اے ایف پی)ی

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق نمائندگی کا نیا فارمولا پیش کیا ہے جس کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز دی گئی ہے۔
شہباز شریف کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے نمائندے پارلیمان میں ان کی نمائندگی کرتے ہوئے مسائل کی نشاندہی کر سکیں گے۔
شہبازشریف نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے قومی اسمبلی میں پانچ سے سات اور سینیٹ میں دو نشتیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔
مزید پڑھیں
مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق قائد حزب اختلاف کے فارمولے میں کہا گیا ہے کہ ان نشتوں پر نمائندگی کا طریقہ کار اور شرائط پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتیں مل کر طے کریں، سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے مطلوبہ قانون سازی کی جا سکتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس طریقہ کار سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمان میں یقینی نمائندگی مل سکتی ہے، اسی سوچ کے تحت پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اسمبلی میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کے لیے نشستیں مختص کی گئی ہیں۔
جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’مسلم لیگ (ن) جمہوری سوچ اور اصولوں کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے ووٹ کے حق کی حمایت کرتی ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی الیکشن کے وقت ملک آ کر ووٹر لسٹ میں اپنے ووٹ کے اندراج کے مطابق ووٹ ڈالیں، بیرون ملک مقیم ہمارے پاکستانی بہن بھائی ہمارا قیمتی اثاثہ اور پاکستان کی شان ہیں، بیرون ملک مقیم 80 لاکھ پاکستانی ہماری طاقت اور فخر ہیں جو ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔‘
ن لیگ کے صدر نے کہا ہے کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ اوورسیز کمیونٹی کے پاکستان میں درپیش تمام مسائل کا فوری، منصفانہ اور جائز حل ہونا چاہیے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیدادوں کا قبضہ چھڑانے سمیت ان کے سرمائے کے فروغ اور تحفظ تک تمام مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، ان کے حق رائے دہی کا احترام کرتے ہیں، پاکستان آنے جانے کے دوران ان کے مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔‘
بیان کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اوورسیزپاکستانیوں کی حوصلہ افزائی اور قدر کی ہے۔ ’ہمارے دورِ حکومت میں وفاق میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں ٹھوس اصلاحات کی گئیں۔ صوبہ پنجاب میں اوورسیزکمیشن قائم کیا گیا جس کے ذریعے 36 اضلاع میں رول ماڈل پروگرام تشکیل دیا گیا،ان اقدامات کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا فوری حل اور ان کی مدد کو یقینی بنانا تھا۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اورسیز کمیونٹی کو ایوانِ اقتدار میں حقِ نمائندگی دینے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔