پاکستان کے حساس ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس اور وزارت اطلاعات نے صحافی اسد علی طور کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
سنیچر کی شب وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں بتایا گیا ہے کہ ’آج اعلیٰ ترین سطح پر وزارت اطلاعات اور انٹر سروسز انٹیلی جنس کا رابطہ ہوا، آئی ایس آئی نےاسلام آباد میں ہونے والاحالیہ واقعہ، جس میں ایک ڈیجیٹل میڈیا صحافی اسد علی طور کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، سے مکمل لاتعلقی ظاہر کی ہے۔‘
بیان کے مطابق ’ایسے الزامات کا تسلسل ظاہر کرتا ہے کہ ایک منظم سازش کے تحت آئی ایس آئی کو ففتھ جنریشن وار فیئر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔‘
خیال رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد میں صحافی اور وی لاگر اسد علی طور کو مبینہ طور پر ان کی رہائش گاہ پر تین افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد بعض حلقوں کی جانب سے اس واقعے کا ذمہ دار پاکستان کے حساس اداروں کو قرار دیا جا رہا تھا۔

اسد طور پر حملے کے بعد ملک بھر میں صحافی برادری نے احتجاج کیا تھا (فوٹو بشکریہ: خالد محمود)