آئی سی سی کی نئی رینکنگ؛ محمد رضوان پہلی بار ٹاپ ٹین میں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایک روزہ اور ٹی 20 کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے۔
ٹی 20 رینکنگ میں پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اپنے کیریئر میں پہلی بار ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ 
نئی رینکنگ کے مطابق وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے 11 درجے ترقی کے بعد ساتویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ محمد رضوان نے انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے تین ٹی 20 میچز میں 176 رنز سکور کیے۔ 
مزید پڑھیں
انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے چار درجے ترقی کرتے ہوئے  13ویں پوزیشن پر آگئے جبکہ شاداب خان چھ درجے ترقی کے ساتھ 36ویں اور محمد حسنین 16 درجے ترقی کرکے 41 وہیں نمبر پر آگئے ہیں۔ 
ٹی 20 بلے بازوں کی درجہ بندی میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی دوسری پوزیشن برقرار ہے جبکہ ٹاپ ٹین میں بابر اعظم کے ساتھ محمد رضوان ساتویں بہترین بلے باز ہیں۔
انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی، آسٹریلیا کے ایرون فنچ تیسرے، نیوزی لینڈ کے کونوے چوتھے، انڈین کپتان ویراٹ کوہلی پانچویں اور لوکیش راہول چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ 
ٹی ٹونٹی بلے بازوں میں محمد رضوان ساتویں، ویسٹ انڈیز کے ایون لیوس آٹھویں،  نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل نویں اور جنوبی افریقہ کے ونڈر ڈوسن دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ 
ٹی 20 بولرز اور آل راونڈرز کی نئی درجہ بندی میں کوئی بھی پاکستانی ٹاپ ٹین میں جگہ نہیں بنا سکا۔  بولرز کی نئی جاری ہونے والی رینکنگ کے مطابق جنوبی افریقہ کے طبریز شمسی بدستور پہلے، افغانستان کے راشد خان دوسرے اور سری لنکا کے واننڈو ڈیسلوا تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ بولرز کی درجہ بندی میں عادل رشید چوتھے جبکہ مجیب الرحمن پانچویں بہترین گیند باز ہیں۔ 

ٹی 20 بولرز اور آل راونڈرز کی نئی درجہ بندی میں کوئی بھی پاکستانی ٹاپ ٹین میں جگہ نہیں بنا سکا (فوٹو: اے ایف پی)
آل راونڈرز میں افغانستان کے محمد نبی پہلے، شکیب الحسن دوسرے جبکہ سکاٹ لینڈ کے ریچرڈ بیرنگٹن ٹی 20 میں تیسرے بہترین آل راونڈر ہیں۔

 ایک روزہ کرکٹ میں  بابر اعظم بدستور پہلی پوزیشن پر موجود 

ایک روزہ بلے بازوں کی درجہ بندی میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ ان کے ساتھ انڈیا کے کپتان وایراٹ کوہلی دوسرے، روہت شرما تیسرے، راس ٹیلر چوتھے اور ایرون فنچ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ بابر اعظم کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بلے باز ایک روزہ رینکنگ میں ٹاپ ٹین میں موجود نہیں ہے۔ 
ایک روزہ فارمیٹ میں بولرز کی درجہ بندی میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ بدستور پہلے، مجیب الرحمن دوسرے جبکہ کرس ووکس تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ بولرز کی کیٹگری میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ ٹین میں موجود نہیں ہے۔ 
ون ڈے آل راونڈرز کی کیٹگری میں شکیب الحسن پہلے، محمد نبی دوسرے جبکہ کرس ووکس تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے عماد وسیم ون ڈے آل راونڈرز کی رینکنگ میں 8 ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ اس فہرست میں وہ واحد پاکستانی کھلاڑی  ہیں جو کہ ٹاپ ٹین کا حصہ ہیں۔ 

ٹی 20 آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی پہلی پوزیشن پر برجمان ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
 ٹی 20  ٹیم رینکنگ میں انگلینڈ نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے جبکہ انڈیا دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے اور پاکستان چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔ آسٹریلیا پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹی، افغانستان ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، سری لنکا نویں اور بنگلہ دیشن دسویں نمبر پر موجود ہے۔ 
 ایک روزہ رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ پہلے، انگلینڈ دوسرے، آسٹریلیا تیسر، انڈیا چوتھے اور جنوبی افریقہ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ ون ڈے رینکنگ میں پاکستان چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، سری لنکا نویں جبکہ افغانستان دسویں پوزیشن پر موجود ہے۔