چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب کی سول اور فوجی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون، خطے کی صورتحال اور اہم بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔
علامہ حافظ طاہر اشرفی نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان آئندہ ہفتے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، او آئی سی کے سیکریٹری جنرل اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے آج اسلامی ممالک کے سفیروں سے ملاقات میں کہا تھا کہ یورپ کئی سالوں سے شدت پسندی اور بنیاد پرستی کو اسلام اور مسلمانوں سے جوڑتا رہا ہے، مغربی عوام شدت پسند اور عام مسلمان میں فرق نہیں کرسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مغرب حقیقت کا ادراک کئے بغیر ہر دھماکے یا خود کش حملے کو اسلام سے جوڑتا رہا ہے، میرا یقین ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور بنیاد پرست اسلام جیسی یہاں کوئی چیز نہیں ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ تمام مسلم ممالک مل کر اسلامو فوبیا کے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششیں کریں، کسی بھی معاشرے کو انتہاء کی بنیاد پر نہیں پرکھنا چاہئے۔
متعلقہ خبریں