اہم خبر: پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کااجلاس آج ہوگا

News-Outlook_urdu-version

جمعرات یکم جولائی کی چند اہم خبروں کا احوال۔

پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اہم ان کیمرہ اجلاس آج ہوگا۔ افغانستان، بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ ڈی جی آئی ایس آئی شرکاء کو ملک کی داخلی صورتحال سے بھی آگاہ کریں گے۔

حکومت نے پيٹرول کی قيمت ميں دو روپے فی ليٹر اضافہ کر ديا جبکہ ڈيزل ايک روپے 44 پيسے مہنگا ہوگيا۔ وزيراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کہتے ہيں کہ اوگرا نے پيٹرول 6روپے 5پیسے مہنگا کرنے کی تجويز دی تھی لیکن وزیراعظم نے صرف دو روپے اضافے کی اجازت دی۔

ملک ميں کرونا سے مزيد 40 اموات ہوئی جس کے بعد مجموعی اموات 22ہزار 321 ہو گئيں۔ اين سی او سی کے مطابق 24 گھنٹے ميں 46ہزار 145 ٹيسٹ کیے گئے جس میں سے ايک ہزار 37 نئے کيسز رپورٹ ہوئے۔ مثبت کيسز کی شرح دو اعشاريہ دو فيصد رہی۔

عدالتی حکم پر گرائی جانے والی تجاوزات کے بدلے متبادل زمين دی جائے گی۔ سندھ حکومت کا اورنگی، گجر نالہ اور دیگر متاثرين کيلئے بڑا اعلان، ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں انکوائری کمیشن قائم ہوگا۔

سعودی حکومت نے حج آپريشنل پلان جاری کر ديا جس کے مطابق مسجد الحرام ميں طواف کے لیے 25ٹريک بنائے گئے ہيں۔ عازمين حج کی خدمت کے لیے 10ہزار افراد مامور رہيں گے جبکہ روبوٹس زمزم فراہم کريں گے۔ کرونا کے باعث سعودی عرب ميں 60ہزار افراد حج کی سعادت حاصل کرسکيں گے۔

فلوريڈا ميں سات روز قبل گرنے والی عمارت کے ملبے سے مزيد دو بچوں کی لاشيں مل گئيں۔ ہلاک افراد کی تعداد 18 ہوگئی۔ بلڈنگ ميں ايک سو سينتاليس کے قريب افراد رہائش پذير تھے۔

امريکا اور کينيڈا ميں شدید گرمی سے برٹش کولمبيا ميں ہلاکتيں 486 ہوگئيں۔ امريکی رياست اوريگن ميں گرمی سے مرنے والوں کی تعداد 63 ہوگئی۔

امريکا کے سابق وزير دفاع ڈونلڈ رمز فيلڈ 88 برس کی عمر ميں انتقال کرگئے۔ وہ سابق صدر جارج بش جونيئر کے دور ميں وزير دفاع تھے۔ ڈونلڈ رمز فيلڈ کے دور ميں افغانستان اور عراق جنگ کا آغاز ہوا تھا۔

قومی ويمن کرکٹر ندا ڈار ٹی ٹوئنٹی فارميٹ پر 100 وکٹیں لينے والی پہلی پاکستانی کھلاڑی بن گئیں۔ ندا ڈار نے ويسٹ انڈيز کے خلاف ميچ ميں اعزاز حاصل کيا۔

متعلقہ خبریں