پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی ایئر سفاری سروس 14 سال بعد بحال ہو گئی ہے۔
سنیچر کو مقامی اور غیر ملکی سیاحوں پر مشتمل 91 مسافروں کو لے کر اسلام آباد سے پہلی پرواز سکردو روانہ ہو چکی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پہلی پرواز میں مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کا جوش و خروش دیکھا گیا ہے۔ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے علاوہ 13 ملکوں کے سیاح پہلی پرواز میں سفر کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
ایئر سفاری سروس ہے کیا؟
پی آئی اے ماضی میں شمالی علاقہ جات کے لیے ہیلی کاپٹر اور ایئر سفاری سروس چلاتی رہی ہے۔
غیر ملکی سیاحوں میں یہ سروس انتہائی مقبول رہی ہے لیکن غیر مستحکم سکیورٹی صورتحال کے باعث غیر ملکی سیاحوں کی پاکستان آمد میں واضح کمی اور پی آئی اے کو مالی خسارے کے باعث سنہ 2007 میں یہ سروس بند کر دی گئی تھی۔
ایئر سفاری سروس کے ذریعے مسافر دنیا کی دوسری بڑی چوٹی کے ٹو سمیت نانگا پربت، بلتورو گلیشیئر، دیوسائی پلین، کنکورڈیا، جھیل سیف الملوک، ناران، کاغان، آنسو جھیل اور دیگر کئی خوبصورت مقامات کے فضائی مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پہلی پرواز میں 13 ملکوں کے سیاح سفر کر رہے ہیں۔ (فوٹو: پی آئی اے)