ایم کیوایم پاکستان کا کل یوم سیاہ منانے کااعلان

Your browser does not support the video tag.

ایم کیو ایم پاکستان نے ریلی پر پولیس کے لاٹھی چارج اور شیلنگ پر کل (جمعرات کو) یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم سے کراچی کا دورہ کرنے کا مطالبہ کردیا، کہتے ہیں کہ وزیراعلیٰ سندھ استعفیٰ دیں ورنہ اس شہر کے دروازے ان کیلئے بند کردیئے جائیں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ایم کیو ایم پاکستان کی ریلی پر پولیس کے تشدد، شیلنگ اور لاٹھی چارج کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ، وزراء کی تنخواہیں اور جو شیل ہم پر چلائے گئے وہ بھی ہمارے پیسوں سے لئے جاتے ہیں، کئی خواتین لاپتہ ہیں، جنہیں سفید ویگو گاڑیوں میں لے جایا گیا، اگر وہ چند گھنٹوں واپس نہ آئیں تو ہم ہر طرح کے فیصلے کرنے میں آزاد ہوں گے۔

انہوں نے جمعرات کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تم نے شہر کے منہ پر کالک ملنے کی کوشش کی ہے، یہ سیاہی تمہارے چہروں پر مل دی جائے گی۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم صاحب ہم پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں، آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ آپ پاکستان توڑنے والوں کے ساتھ ہیں یا اسے بچانے والوں کے ساتھ، کراچی آپ کا انتظار کررہا ہے، آپ کو یہاں آنا چاہئے اور قانون و آئین کے تحت وزیراعلیٰ کیخلاف کارروائی کی جانی چاہئے، جس کے دروازے پر ہماری ماؤں بہنوں پر ڈنڈے برسائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ استعفیٰ دیں ورنہ ان کیلئے اس شہر کے دروازے بند کردیئے جائیں گے، اس صوبے کا آئی جی سندھو دیش کا کمشنر نظر آتا ہے، آئی جی اور ڈی آئی جی کو سندھ حکومت کے ذریعے معطل کرایا جائے، اگر ایسا نہ ہوا تو کراچی کے شہری اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہوں گے، آج حجت تمام ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں وزیراعلیٰ ہاوس کے باہر ایم کیوایم کا دھرنا،پولیس کی شیلنگ

کنوینر ایم کیو ایم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین کے ساتھ جو کیا گیا اس کا حساب لیاجائے گا، ایم پی اے صداقت حسین اور دیگر خواتین و کارکنوں کو رہا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے تاجروں، صنعتکاروں، دکانداروں، وکلاء، مزدوروں، طالبعلموں اور ملازمین و سول سوسائٹی سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس شہر کی غیرت کے ساتھ اپنی آواز کو بلند کریں، پیپلزپارٹی نے ایک بار پھر ان کو للکارا ہے جو انہیں کئی بات گھر بھیج چکے ہیں۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے احتیاط کررہے تھے، ہمیں پتہ ہے کہ جمہوریت ہمارے فیصلوں کے نتیجے میں موجود رہے گی، ہم جمہوریت کو پاکستان کا واحد راستہ سجھتے ہیں، اس طرح کے واقعات پر پاکستان کا آئین و قانون جو فیصلہ کرتا ہے وہ اب آجانا چاہئے۔

ایم کیو ایم رہنماء نے کل دوبارہ وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہیں، سوچیں کہ آپ نے کیا کیا ہے، آج ہم نے صرف مار کھائی ہے، کسی کو مارا نہیں، ہم لڑنا نہیں چاہتے لیکن لڑنا جانتے ہیں، بات غیرت پر آجائے تو نہ لڑنا بے غیرتی ہے۔

ویڈیو: رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین زخمی حالت میں بھی گرفتار

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وزیراعلیٰ سندھ کو نسل پرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ قانون ہماری مدد کو نہیں آئے گا تو کیا ہم قانون اپنے ہاتھ میں لیں، قانون نافذ کرنیوالوں کا انتظار کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہماری ماؤں بہنوں کے ساتھ ہوا کیا اس پر سوگ بھی نہ منائیں، ٹنڈوالیہار میں جو خون بہایا گیا وہ ابھی خشک نہیں ہوا، تم نے آج اس شہر میں مزید خون بہادیا، اب تمہاری باری ہے۔

تازہ ترین

بریگیڈیئر(ر) مصدق عباسی مشیر برائے داخلہ و احتساب مقرر
یوکرائن پر روسی حملہ دنیاکو بدل کررکھ دے گا،امریکی صدر
روس:زیرحراست سیاست دان نوالنی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل
ویڈیو: رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین بھی گرفتار