کراچی میں این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی نے میدان مارلیا۔پیپلزپارٹی کے امیدوارقادر خان مندوخیل 16156ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے۔
کراچی میں جمعرات 29 اپریل کو ضمنی انتخاب کا نتیجہ رات گئے تک مکمل ہوگیا۔ قادر خان مندوخیل نے قومی اسمبلی کی نشست جیت لی ۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے امیدوار مفتاح اسماعیل 15473 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسرندیم حیدر نے بتایا کہ 276پولنگ اسٹیشنزکا ٹرن آؤٹ 21.64 فیصد رہا۔ تحریک لبیک پاکستان کا امیدوار 11 ہزار 125 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
ترجمان سندھ حکومت بیرسٹرمرتضی وہاب نےاین اے249 کےضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی امیدوار قادر خان مندوخیل کی کامیابی پرمبارکباد پیش کی ہے۔انھوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں شاندار کامیابی پیپلزپارٹی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ پیپلزپارٹی کی جیت سے حلقے کے دیرینہ مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔جس حلقے میں سمجھا جاتا تھا کہ جیت نہیں سکتے وہ ہم نے کرکے دکھایا ہے۔
سندھ کے صوبائی وزیرتعلیم سعید غنی نے کہا کہ لوگوں نےمہنگائی سےپریشان ہوکرہم پراعتماد کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دیگر جماعتوں کو کھلے دل سے الیکشن قبول کرنا چاہیے۔ پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ مجھےسمجھ نہيں آئی کہ ن ليگ نے جيت کا اعلان کيوں کيا،کسی بھی مرحلے ميں ن ليگ آگے نہيں تھی۔
کراچی اورخصوصا NA 249 کی تہہ دل سے شکر گزار ہوں کے انھوں نے نواز شریف اور مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا اور مفتاح اسماعیل کو منتخب کیا۔یہ ہم سب کے لیے ایک بہت اہم فتح ہے۔عوام کے جاگنے کا بھی شکریہ آپ کے ووٹ چوری کرنے والے جلد آپ کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے انشاءاللّہ یہ ہمارا آپ سے وعدہ ہے!
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) April 29, 2021
مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے ٹویٹ کرکے الیکشن کے نتائج کو مسترد کردیا۔ انھوں نے کہا کہ ن لیگ سےصرف چندسوووٹوں سےالیکشن چوری ہوا۔ عوام کے ووٹ چوری کرنےوالےجلدآپ کے کٹہرے میں ہوں گے۔ مریم نواز نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمشین آف پاکستان کومتنازعہ الیکشن کےنتائج کوروکناہوگا۔
اس حلقے سے پاک سرزمین پارٹی کے امیدوار مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان میں اس طرح کےالیکشن کی تاریخ نہیں ملتی۔ پی ایس پی کےکارکنوں نے جہاد سمجھ کرمہم چلائی۔ ہم یہ مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیں گے۔ الیکشن کمیشن سےکہتا ہوں کہ اس بدمعاشی کوختم کیا جائے۔
متعلقہ خبریں