این سی اوسی کی کرونا ویکسینیشن تیز کرنے کی ہدایت

Lhr corona vaccine

فوٹو: آن لائن

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کرونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام صوبوں کو ایس او پیز پر عمل درآمد اور کرونا ویکسینیشن تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

بدھ 7جولائی کو وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں تمام چیف سیکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

این سی او سی نے مختلف سیکٹرز میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا اور عید الاضحیٰ کے لیے جاری ایس او پیز پر خصوصی عمل درآمد کے احکامات جاری کیے۔

افغانستان میں کرونا کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر مغربی سرحد 17جون 2021 سے بند ہے۔ بندش کے دوران صرف دونوں اطراف پھنسے ہوئے پاکستانی اور افغانی شہریوں کے علاوہ انتہائی ایمرجنسی کیسز کے مریضوں اور طلباء کو خصوصی رعایت حاصل ہے۔

افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے چمن اور طورخم بارڈر پر خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

وہ پاکستانی جن کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگ چکی ہیں انہیں کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں 10 دن کے لیے لازمی قرنطینہ میں رکھا جائے گا جبکہ جن افراد کو ویکسین نہیں لگی یا صرف ایک خوراک دی گئی ہے انکو بہر صورت 10 دن کے لیے اپنے متعلقہ صوبے میں قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

انتہائی ایمرجنسی میڈیکل کیسز اور افغانی طلبا کے لیے پہلے سے جاری کی گئی ہدایات نافذ العمل رہیں گی۔