’ایک ناقد نے بالی وڈ کے غنڈے سلمان خان کا کیریئر ختم کر دیا‘

منگل 8 جون 2021 18:37

مئی میں عدالت کو بتایا گیا تھا کہ ’اگلی سماعت تک کمال آر خان سلمان خان کے خلاف توہین آمیز بیانات نہیں دیں گے‘ (فوٹو: ہندوستان ٹائمز) 

انڈین اداکار اور خود ساختہ نقاد کمال آر خان نے بالی وڈ سٹار سلمان خان کو اداکاری سے نابلد ہونے کا طعنہ مارا ہے۔
کمال آر خان نے ٹوئٹر پر سلمان خان کو بالی وڈ کے ’غنڈے بھائی‘ کہہ کر مخاطب کیا اور کہا کہ ’سلمان خان کو ’رادھے: یور موسٹ وانٹڈ بھائی‘ کے ریویو کی وجہ سے کروڑوں کا نقصان ہوا ہے۔‘
ہندوستان ٹائمز کے مطابق سلمان خان نے ممبئی کی عدالت میں کمال آر خان کے خلاف ہتک عزت کی کارروائی کے لیے درخواست دی تھی۔
مزید پڑھیں
سلمان خان کے خلاف توہین آمیز بیانات نہ دینے کے عہد کے باوجود منگل کو کمال آر خان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’بالی وڈ کے غنڈے بھائی کا دکھ مجھ سے دیکھا نہیں جاتا، ایک اکیلے ناقد نے اس بے چارے کا پورا کیریئر ختم کر دیا، لیکن کیریئر تھا ہی کہاں، ایکٹنگ کا اے نہیں آیا، زبردستی کا سٹار تھا، بس مجھے پبلک کو یہ بتانے میں تھوڑا ٹائم لگا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اگر کوئی اپنی فلم سے پانچ سو کروڑ روپے کا کاروبار کرنے کی امید لگائے ہوئے ہے اور دنیا کا اول نمبر کا ناقد اس کو 10 سے 15 کروڑ روپے پر روک دے تو ظاہر ہے وہ شخص پریشان ہوگا۔‘
ان کے مطابق ’ایک بڑا آدمی تب تک نہیں بلبلائے گا جب تک 100 سے 200 کروڑ کا نقصان نہ ہوجائے، اس بے چارے کا بھی ہوگیا۔‘
سلمان خان کی طرف سے دی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ’کمال آر خان کو بالواسطہ اور بلاواسطہ ان کے بارے میں ویڈیوز یا مواد اپ لوڈ کرنے سے روکا جائے۔‘
مئی میں ہتکِ عزت کی کارروائی کی سماعت کے وقت  کمار آر خان کے وکیل منوج گد کاری نے عدالت کو بتایا تھا کہ اگلی سماعت تک کمال آر خان سلمان خان کے خلاف توہین آمیز بیانات نہیں دیں گے۔ 
سلمان خان کا کہنا ہے کہ ’کمال آر خان ان کے بارے میں توہین آمیز باتیں اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ انہوں نے ان کی فلم ’رادھے‘ کے لیے منفی بیانات دیے تھے۔‘