بابر اعظم نے کوہلی کا ریکارڈ برابر کر دیا، ’آپ کو کھیلتے دیکھنا سکون ہے میرے کنگ‘

وراٹ کوہلی نے بھی 81 ویں اننگز میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سات ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کے چھٹے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 170 رنز کے ہدف کو انگلش بیٹرز نے بآسانی 14 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔
 
مزید پڑھیں
میچ کی خاص بات انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹر فِل سالٹ کی جانب سے 41 گیندوں پر 88 رنز اور بابر اعظم کی جانب سے 59 گیندوں پر 87 رنز بنانا تھے۔
بابر اعظم نے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 3 ہزار رنز بنانے کا انڈین بیٹر وراٹ کوہلی کا ریکارڈ بھی برابر کردیا ہے۔
بابر اعظم نے ٹی20 کرکٹ کی 81 اننگز میں 3000 رنز بنائے ہیں جبکہ وراٹ کوہلی نے بھی 81 ویں اننگز میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔
بابر اعظم اپنے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 86 میچز میں 3035 رنز بنا چکے ہیں جس میں 2 سینچریاں اور 27 نصف سینچریاں شامل ہیں۔
بابر اعظم کی جانب سے ٹی20 کرکٹ میں تیز ترین 3 ہزار رنز بنانا کا وراٹ کوہلی کا ریکارڈ برابر کرنے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر بھی صارفین کی تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
ازما نے لکھا کہ ’بابر اعظم کا ہمارے لیے ہونا سب سے پیاری چیز ہے، بابر اعظم کی کور ڈرائیو، چھکے، فیلڈنگ، سنچریاں بنانا اور ان کی مسکراہٹ، آپ کو پورا دن کھیلتے دیکھنا ایک سکون ہے میرے کنگ۔‘
مانی لکھتے ہیں کہ ’بابر کی سٹرَیٹ ڈرائیو اور کور ڈرائیو کی ہمیشہ بات ہوتی ہے لیکن بابر جو کلائیوں کا استعمال کرکے فِلک شاٹ کھیلتے ہیں وہ بہت دلکش اور جمالیاتی ہے۔‘
فاطمہ کہتی ہیں کہ ’بابر کی آج کی باری شاندار تھی، مفت تھیریپی تھی، ہمیشہ چاہا ہے کہ وہ ایسے ہی کھیلے، اس آدمی میں بہت ٹیلنٹ اور طاقت ہے۔‘
خیال رہے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 ٹی20 میچز کی سیریز 3-3 سے برابر ہے۔