باجوڑ:راغگان ڈیم میں کشتیاں ڈوبنے سے4افراد جاں بحق،11زخمی

آرمی کی غوطہ خور ٹیم کا ریسکیو آپریشن جاری

Your browser does not support the video tag.

باجوڑ کے علاقہ راغگان میں قائم ڈیم میں کشتیاں ڈوبنے سے 4 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔لاپتہ 3 افراد کی تلاش جاری ہے۔

راغگان ڈیم میں بدھ کو عید الضحیٰ کے پہلے روز پکنک منانے آئے ہوئے مقامی افراد کی کشتیاں ڈوب گئیں۔ دونوں کشتیوں میں مجموعی طور پر 18 افراد سوار تھے۔ڈیم میں لاپتہ باقی لاشوں کی تلاش کیلئے آرمی کی غوطہ خور ٹیم کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

مرکزی سڑک خراب ہونے کی وجہ سے مزید ریسکیو کی ٹیموں کی آمد میں تاخیر ہوئی۔ پہلے سے موجود ریسکیو ٹیموں کے ساتھ بھی رات کے وقت آپریشن کرنے کیلئے جدید آلات موجود نہیں تھے۔

حادثےمیں زندہ بچ جانے والے ذبیح اللہ نے میڈیا کوبتایا ہے کہ کشتی میں موجود کسی بھی شخص نےلائف جیکٹ نہیں پہنی ہوئی تھی۔

ضلعی انتظامیہ باجوڑ کی جانب سے راغگان ڈیم میں دفعہ 144 نافذ ہونے کے باوجود بھی ہزاروں افراد روزانہ ڈیم کا رخ کرتے ہیں۔ راغگان ڈیم میں ناقص انتظامات کیخلاف راغگان بازار میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔ چاروں افراد آپس میں رشتہ دار تھے۔ان کا تعلق تحصیل سالار زئی علاقہ تنگی ناقئی سے ہے۔

متعلقہ خبریں