باجوڑ: راغگان ڈیم میں کشتیاں ڈوبنے سے چار افراد ہلاک، تین لاپتہ

بدھ 21 جولائی 2021 21:06

انتظامیہ کے مطابق تین افراد اب بھی لاپتہ ہے جن کی تلاش جاری ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

باجوڑ کی تحصیل سالارزئی میں واقع راغگان ڈیم میں تین کشتیاں ڈوبنے سے چار افراد ہلاک جب کہ تین لاپتہ ہوگئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ کے دفتر میں موجود ضلعی انتظامیہ کے ایک رکن عبدالعزیر نے ٹیلیفون پر اردو نیوز کو بتایا کہ ڈیم میں سیاحوں کی ایک کشتی ڈوب گئی۔ جس کے بعد ڈوبنے والوں کو بچانے کے لیے جانے والی دو کشتیاں بھی ڈوب گئیں۔
ان کے مطابق چار افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ سات افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔ زندہ نکالے جانے والوں میں سے بعض افراد کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مزید پڑھیں
ان کے مطابق تین افراد اب بھی لاپتہ ہے جن کی تلاش جاری ہے۔
عبدالعزیر نے بتایا کہ ڈوبنے والی کشتی مقامی سیاحوں کی تھی جو کہ عید کے موقع پر پکنک منانے ڈیم پر گئے تھے۔
ان کے مطابق جن سات افراد کو زندہ بچالیا گیا ان میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
کشتی ڈوبنے کے واقعے کی خبر ملتے ہی مقامی پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار فوراً ڈیم پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیاں شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔