بارش برسانے والا سسٹم بلوچستان میں داخل

خضدار میں بھی بارش

بارش برسانے والا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہونے کے بعد صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔ اس دوران بلوچستان میں مختلف مقامات پر گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش اور چند مقامات پر ہلکی بارش ہوگی۔

ادارے کے مطابق آج اتوار 2 مئی کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورخشک تاہم کوئٹہ، زیارت، سبی، بارکھان، قلات، حضدار، ژوب، تربت اور دالبندین کے اضلاع میں آندھی / تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اتوا کے روز خضدار اور کوئٹہ کے گرد و نواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج جنوبی پنجاب، بالائی سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک تاہم بعد دوپہر کے اوقات میں چند مقامات پر آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ ایبٹ آباد، نوشہرہ ، دیر، وزیرستان اور کرم میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔ دوسری جانب گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

علاوہ ازیں کشمیر کے برفانی علاقوں میں برف پگھلتے ہی پہاڑی راستوں پر لوگوں کی آمد و رفت کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے

آزاد کشمیر کے برفانی علاقوں میں برف ختم ہونا شروع ہوگئی ہے اور پہاڑوں پر سیاحت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی پیر چناسی سے وادی سیماری کی طرف ٹریک بھی سیاحوں کیلئے توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

یہ ٹرک وادی نیلم اور وادی جہلم کے درمیان لگ بھگ دس ہزار فٹ کی بلندی سے گزرتا ہے۔ وادی نیلم کے برف سے ڈھکے پہاڑ ابھی تک موسم سرما کا منظر پیش کر رہے ہیں مگر دوسری جانب جہلم کی وادی موسم بہار کے خوبصورت نظاروں سے سجی ہے۔

متعلقہ خبریں