باسط علی مارننگ شو میں خاتون کی ڈانس پرفارمنس پر برس پڑے

کامیڈین باسط علی کی جانب سے نیو ٹی وی کے مارننگ شومیں ڈانس پرفارمنس پراعتراض کے بعد شوکے دیگرشرکاء اور کامیڈین کے درمیان لڑائی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

باسط علی نے خاتون کے ڈانس کو فحاشی قرار دیتے ہوئے نکتہ اعتراض اٹھایا کہ خواتین کو ڈانس کرنے کی اجازت کیوں دی جارہی ہے ، جس پرمیزبان نے کہا کہ اس بات کا فحاشی سے کوئی تعلق نہیں۔

یہ تمام صورتحال لائیومارننگ شو کے دوران پیش آئی، باسط کی جانب سے غصے کے اظہار کے بعد پرفارم کرنے والی آرٹسٹ اور ان کے درمیان شدید تلخ کلامی دیکھنے میں آئی، جبکہ دیگرشرکاء بھی کامیڈین پربھڑک اٹھے۔ اس دوران میزبان کی جانب سے صلح صفائی کی تمام کوششیں ناکام گئیں۔

میزبان نےسوال اٹھایا کہ ” یہ میرا شو ہے ، آپ (باسط علی) کومارننگ شوکے فارمیٹ کا پتہ ہے تو آپ کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ یہ فحاشی ہے”؟۔

اس پرباسط علی نے کہا کہ معاشرہ خواتین کو ناچنے کی اجازت نہیں دیتا، ان سے پوچھا گیا کہ کیا معاشرہ انہیں مارننگ شومیں آنے کی اجازت دیتا ہے تو باسط نے کہا کہ نقالی اورکامیڈی میں کوئی حرج نہیں ، لیکن رقص کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

معاملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہونےکے بعد بہت سے افراد نے باسط علی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لائیو ٹی وی پر خواتین کیخلاف چیخنے والا ” دوسرا خلیل الرحمان قمر” قراردیا جبکہ کئی نے ان کے موقف کو درست قراردیا۔

صارفین نے اپنے تبصروں میں اس بات پربھی حیرت کا اظہارکیا کہ شو کو کٹ کیوں نہیں کیا گیا اور کیسے یہ پوری لڑائی ٹی وی پر لائیو نشرہونے دی گئی۔

یہ پہلا موقع نہیں جب کسی لائیوپروگرام کے دوران ایسی بحث دیکھنے میں آئی ہو، اس سے قبل اسکرین رائٹر خلیل الرحمٰن قمر نے اور ایکٹوسٹ ماروی سرمد کے درمیان شدید تلخ کلامی دیکھنے میں آ چکی ہے جبکہ جے یو آئی کے رہنما حافظ حمد اللہ اور ماروی سرمد کے درمیان بھی لائیولڑائی ہوچکی ہے۔

متعلقہ خبریں