بجلی کی قیمت بڑھانے کی کےالیکٹرک کی درخواست پرفیصلہ مؤخر

Electricity

فوٹو: اے ایف پی

نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق کے الیکٹرک کی درخواست پر فیصلہ جولائی تک مؤخر کر دیا۔

منگل 15جون کو کے الیکٹرک کی بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت نیپرا ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ہوئی۔ کے الیکٹرک جنوری سے مارچ کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 5روپے 97 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی جبکہ اپریل کے لیے قیمت میں 86پیسے کمی کی بھی سفارش کی گئی۔

اتھارٹی نے کہا کہ درخواست کے مطابق صارفین پر مجموعی طور پر 5روپے 11پیسے فی یونٹ بوجھ پڑے گا۔

چیئرمین نیپرا نے کہا کہ یہ بوجھ بہت زیادہ ہے جس سے صارفین متاثر ہوں گے۔

انہوں کے الیکٹرک حکام کو ہدایت کی کہ مئی اور جون کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواستیں بھی جمع کرائیں کیونکہ اس سے بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان ہے اور مئی جون کی ایڈجسٹمنٹس سے صارفین پر کم بوجھ پڑے گا۔

نیپرا نے درخواست پر فیصلہ مؤخر کرتے ہوئے کہا کہ جولائی میں دوبارہ سماعت ہوگی۔