بجٹ منظور ہوتے ہی پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ

بدھ 30 جون 2021 20:09

وزیراعظم نے قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان میں جولائی کے ابتدائی پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
بدھ کی شام وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مشیر برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے ایک ٹویٹ کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تصدیق کی ہے۔
ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر دو روپے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر ایک روپے 44 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے ٹویٹ میں مزید بتایا کہ ’انٹرنیشنل مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں چھ روپے پانچ پیسے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر تین روپے 44 پیسے اضافہ تجویز کیا لیکن وزیراعظم نے کم اضافے کی اجازت دی ہے۔‘