پاکستان کے وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ملکی پیداوار کی صلاحیت میں اضافہ معیشت کے استحکام میں معاون ثابت ہوگا۔
اتوار کو اسلام آباد میں بجٹ کے حوالے سے منعقدہ ایک ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ ’حکومت بجلی کے ٹیرف میں مزید اضافہ نہیں کرے گی کیونکہ عام شہری پہلے ہی اس حوالے سے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔‘
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری ترقی کی بنیادی سیڑھی ہے۔ کورونا وائرس کے باعث ملک کی معیشت کو دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
’پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ہماری ترجیح ہے اور اقتصادی بہتری کے لیے معاشی ماہرین سے بھی مشاورت کی گئی۔‘
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ تعمیراتی شعبے کا فروغ ممکن بنایا گیا اور تعمیراتی شعبے سے منسلک 40 صنعتوں کو فعال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ’جب حکومت سنبھالی تو معیشت مشکلات کا شکار تھی، وزیراعظم عمران خان نے اس پر خصوصی توجہ دی۔ ‘
شوکت ترین کے بقول ’حکومت نے روپے کی قدر میں اضافے کے لیے ترجیحی اقدامات کیے گئے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ معاشی بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔ معیشت میں بہتری کے ساتھ محصولات میں مثبت اضافہ ہوا۔‘

تحریک انصاف کے دور حکومت میں شوکت ترین تیسرے وزیر خزانہ ہیں۔ فائل فوٹو: وزیراعظم آفس