بدفعلی کیس،عزیز الرحمان کے جسمانی ریمانڈ توسیع

لاہورکی مقامی عدالت نے مدرسے کے طالب علم کے ساتھ بدفعلی کے الزام میں گرفتارعزیزالرحمان کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع کردی۔

جمعہ کولاہور کی مقامی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ رانا راشد علی نے عزیزالرحمان کےجسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت میں پولیس کی جانب سے ملزم کی میڈیکل ٹیسٹ رپورٹ جمع کروا دی گئی۔پولیس نے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد ملزم عزیزالرحمان کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔

عدالت کوپولیس کی جانب سےبتایا گیا کہ ملزم سے مزید تفتیش درکار ہے اورعدالتی حکم پر ملزم کا ڈی این اے ٹیسٹ کروا لیا گیا ہے۔ عدالت نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کرکے ملزم کو 28 جون کو دوبارہ عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

منگل کو مدرسے میں طالبعلم کے ساتھ بدفعلی کرنے کے الزام میں گرفتارعزیزالرحمن کے3 بیٹوں کی 30 جون تک عبوری ضمانتيں منظور کرلی گئی تھیں۔ عزیزالرحمن کے تینوں بیٹوں نے عبوری ضمانتوں کے لیے سیشن کورٹ سے رجوع کيا تھا۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے مقدمے میں متعدد نامعلوم افراد کو نامزد کر رکھا ہے۔

اپنےاعترافی بیان میں عزیزالرحمان نے بتایا کہ وائرل ہونےوالی ویڈیو ان کی ہے اور وہ ویڈیو متاثرہ لڑکےنےچھپ کربنائی تھی۔ عزيزالرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ مدرسے کے لڑکے کو پاس کرنے کا جھانسہ دے کر بدفعلی کی لیکن ویڈیو وائرل ہونے کے بعد خوف کا شکار ہوگیا تھا۔ بیٹوں نے لڑکے کو کسی سے بات کرنے سے روکا تاہم منع کرنے کے باوجود ویڈیو وائرل کردی۔

عزیزالرحمان نے مزید بیان دیا کہ مدرسہ چھوڑنا نہیں چاہتا تھا اور اس لیے ویڈیو بیان جاری کیا تاہم انتظامیہ مدرسہ چھوڑنے کا کہہ چکی تھی اور اس لئے میانوالی میں چھپ کر رہ رہا تھا۔

عزیزالرحمان کيخلاف صابر شاہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب نے اس معاملے کو ٹيسٹ کيس قرار ديتے ہوئے ٹويٹ کيا تھا کہ معاملے کی سائنسی اور جديد تقاضوں کے مطابق تفتيش کی جائے گی اورملزم کوعدالت سے قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ درج ایف آئی آر کے مطابق ویڈیو لاہور میں مدرسہ جامعہ منظورالاسلامیہ کے برطرف عہدےدار مفتی عزیز الرحمان اور مدعی طالب علم کی ہے۔

متعلقہ خبریں

بدفعلی کیس،عزیز الرحمان کے جسمانی ریمانڈ توسیع,Badfaili kai mulzim kai ubouri remand mai tausee