بلدیہ عظمیٰ کراچی کےملازمین کی تنخواہوں میں 20فیصد اضافےکافیصلہ

فوٹو: وکی پیڈیا

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران و ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی ادائیگی کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کا کہنا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران و ملازمین کی تنخواہوں میں حکومت سندھ کے اعلان کردہ 20 فیصد اضافے تحت بڑھائی جارہی ہےجبکہ پنشنرز کی پنشن میں بھی 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کے مطابق فیصلے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور دیگر بلدیاتی اداروں کے 20 ہزار سے زائد پنشنرز مستفیض ہوں گے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں سے فنڈز کی کمی کے باعث پنشنرز کی پنشن میں اضافے کا اطلاق نہیں ہوسکا تھا۔

لئیق احمد نے مزید کہا کہ تنخواہوں کی مد میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کےساڑھے 5 کروڑ اور پنشن کی مد میں 4 کروڑ روپے ماہانہ اخراجات ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ تنخواہوں میں اضافے سے ملازمین کے مالی معاملات بہتر ہوں گے، ہم امید کرتے ہیں کہ افسران و ملازمین شہر کی بہتر سے بہتر خدمت کے جذبے سے کام کریں گے۔

ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطابق سندھ حکومت سے فنڈز ملتے ہی تنخواہیں 20 فیصد اضافے کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ تنخواہوں اور پنشن میں اضافے سے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسران و ملازمین ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے فوری طور پر تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی۔