بلدیہ کورنگی کراچی کا 5ارب 40کروڑ سے زائدکا بجٹ منظور

بلدیہ کورنگی کراچی کا مالی سال 22-2021ء کیلئے 5 ارب 40 کروڑ 60 لاکھ 45 ہزار 441 کے بجٹ کی منظوری دیدی، رواں سال 11 لاکھ 2 ہزار 519 روپے کا سرپلس بجٹ ہے۔

ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر کورنگی عرفان سلام میروانی نے میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی غلام سرور راہیپوٹہ کے ہمراہ مالی سال 22-2021ء کے بجٹ کی منظوری دی۔

ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر کورنگی عرفان سلام میروانی نے کہاکہ ڈی ایم سی کورنگی کا آئندہ مالی سال کا بجٹ ضلع کی تعمیر و ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے مثالی ثابت ہوگا، بجٹ مسائل اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بجٹ 22-2021ء میں حکومت سندھ اور مختلف ٹیکسز کے شیئر میں ہونیوالی آمدنی 5 ارب 12 کروڑ 93 لاکھ 29 ہزار 541 جبکہ بلدیہ کورنگی کی اپنے ذرائع سے ہونیوالی آمدن کا تخمینہ 27 کروڑ 67 لاکھ 16ہزار روپے لگایا گیا ہے۔

ڈی ایم سی کورنگی کے ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں ہونیوالی آمد کا تخمینہ 3 ارب 92 کروڑ 29 لاکھ 20 ہزار جبکہ غیر ترقیاتی اخرجات کی مد میں 46 کروڑ 97 لاکھ 51 ہزار، مرمت و دیکھ بال پر 26 کروڑ 12 لاکھ 60 ہزار جبکہ تعمیر و ترقی کیلئے 75 کروڑ 10 لاکھ 30 ہزار روپے ہے۔

عرفان سلام میروانی نے بتایا کہ بلدیہ کورنگی کے مالی سال 22-2021ء کے میزانیہ میں کرونا وائرس کے حوالے سے اخراجات کی مد میں 70 لاکھ روپے، ملازمین کی طبی سہولیات پر ایک کروڑ 35 لاکھ روپے، ملازمین کیلئے حج و عمرہ کی مد میں ایک کروڑ روپے، دوران ملازمت وفات پاجانے والے ملازمین کے ورثاء کو فنانشل اسسٹنٹ کی مد میں 3 کروڑ 61 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی غلام سرور راہیپوٹہ نے کہا کہ نامساعد حالات اور مالی مشکلات کے باوجود ضلع کورنگی کی تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیا گیا، بجٹ مکمل ٹیکس فری ہے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کسی قسم کا کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، بجٹ میں ضلع کورنگی کی تعمیر و ترقی اور عوام کو بنیادی مسائل کے حل کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں