بلوچستان میں ’نشے کے عادی‘ بیٹے کے ہاتھوں والدین کا قتل

لیویز کے مطابق واقعہ پیر کو دکی کی تحصیل لونی کے علاقے جنگل صدوزئی میں پیش آیا (فوٹو: روئٹرز)

صوبہ بلوچستان کے ضلع دکی میں بیٹے نے اپنے والدین کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے۔
لیویز رسالدار اسرار ترین نے اردو نیوز کو بتایا کہ واقعہ پیر کو دکی کی تحصیل لونی کے علاقے جنگل صدوزئی میں پیش آیا جہاں 22 سالہ ملزم نے گھر میں موجود والدین کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔ 
مزید پڑھیں
انہوں نے بتایا کہ ’جسم کے مختلف حصوں میں گولیاں لگنے سے دونوں موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔ لیویز نے لاشیں تحویل میں لے کر  سول ہسپتال لورالائی منتقل کردی ہیں۔‘ 
 
لیویز رسالدار کے مطابق واقعے کے وقت گھر میں بوڑھے والدین اور ملزم کے علاوہ کوئی اور موجود نہیں تھا اس لیے یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ملزم نے کس بات پر مشتعل ہوکر یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ 
اہل خانہ نے لیویز حکام کو بتایا ہے کہ قاتل نشے کا عادی ہے اور دماغی توازن بھی درست نہیں۔ لیویز رسالدار کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔