بلوچستان کا ژوب ایئرپورٹ 3 سال بعد آپریشنل کردیاگیا

بلوچستان کے ضلع ژوب میں واقع ژوب ایئر پورٹ کو 3 سال بعد آپریشنل کردیا گیا ہے۔

قومی ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی ہفتے میں 2 پروازیں ژوب ایئرپورٹ کیلئے روانہ ہونگی۔ ایک پرواز منگل اور دوسری پرواز جمعہ کو کراچی سے ژوب اور ژوب سے کراچی کیلئے ہونگی۔

سال 2018 کے بعد آج بروز منگل 18 مئی کو پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کی پہلی پرواز پی کے 528 چھتیس مسافروں کو کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے لے کر ژوب پہنچی۔

ژوب ایئر پورٹ پر صوبائی وزیر مٹھا خان کاکڑ، جنرل مینیجر پی آئی اے بلال اور اسٹیشن مینیجر ژوب ایئرپورٹ عبدل شکور سمیت اعلیٰ حکام نے مسافروں کا استقبال کیا۔

دوسری جانب پی آئی اے کی اگلی پرواز پی کے 29 اکتالیس مسافروں کے ہمراہ ژوب سے کراچی کیلئے روانہ ہوئی۔

صوبائی وزیر مٹھا خان کاکڑ کا کہنا تھا کہ ژوب ائیرپورٹ کی دوبارہ بحالی سے علاقہ ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کریگا۔ انہوں نے اس اقدام پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا۔