
فوٹو: آن لائن
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بیرون ملک سفر کرنیوالے تمام بالغان کو (18 سال سے زائد عمر کے افراد) ویکسینیشن کی اجازت دیدی۔ ایسے افراد جن کے پاس قومی شناختی کارڈ، تعلیمی ویزا یا ورک پرمٹ ہو اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے اہل ہوں گے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن (این سی او سی) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ 18 سال سے زائد عمر کے ایسے تمام افراد جو بیرون ملک جانا چاہتے ہیں، جمعہ 21 مئی 2021ء سے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کے اہل ہوں گے۔
این سی او سی کے مطابق ورک ویزا، اقامہ، اسٹوڈنٹس ویزا رکھنے والے بیرون ملک سفر کے خواہشمند تمام بالغان کسی بھی ویکسی نیشن سینٹر پر جاکر ویکسین لگواسکتے ہیں۔
یہ فیصلہ مختلف ممالک، ورک پلیس، یونیورسٹیوں اور بیرون ممالک شپنگ کمپنیز کی جانب کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن کا ثبوت فراہم کرنے کی پابندی کے پیش نظر کیا گیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے رجسٹریشن اور ویکسینیشن کے طریقۂ کار سے متعلق ٹویٹر پر تفصیلات جاری ہیں۔
NCOC allows walk-in vaccination for all 18 years and above Pakistanis working abroad on work visa / aqama, Students studying abroad and Seafarers. Simply walk in to any CVC, show valid visa and get vaccinated. Detailed procedure attached. pic.twitter.com/bxgDyHx2Ol
— NCOC (@OfficialNcoc) May 20, 2021
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ویکسین لگواتے ہوئے تمام طبی ایس او پیز کا خیال رکھا جانا ضروری ہے۔
چالیس سال سے کم عمر افراد کو ایسٹرا زینیکا ویکسین (کووی شیلڈ) نہیں لینی چاہئے۔ وہ چینی ساختہ تین ویکسینز سائنو فارم، سائنو ویک (کرونا ویک) اور کنسائنو (کونویڈیشیا) لگواسکتے ہیں۔
تاحال پاکستان میں 47 لاکھ 47 ہزار سے زائد افراد کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جاچکی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی گئی۔
ملک ميں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 131 افراد جان کی بازی ہار گئے، 4 ہزار 200 سے زائد نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہيں، مثبت کیسز کی شرح 8.22 فیصد ہوگئی۔
متعلقہ خبریں