تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کی نظربندی میں توسیع کی استدعا مسترد

جمعہ 2 جولائی 2021 15:44

بورڈ نے استدعا مسترد کرتے ہوئے 10 جولائی کو سعد حسین رضوی کو رہا کرنے کے احکامات جاری کر دیے (فوٹو: ٹوئٹر)

لاہور ہائی کورٹ کے نظر ثانی بورڈ نے کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کی نظر بندی میں توسیع کی استدعا مسترد کر دی ہے۔
جمعے کو سعد رضوی کو پولیس کی سخت سکیوریٹی میں لاہور ہائی کورٹ لایا گیا جہاں انہیں ثانی بورڈ کے روبرو پیش کیا گیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے نظرثانی بورڈ سے سعد رضوی کی نظر بندی میں توسیع کی استدعا کی۔
مزید پڑھیں
جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس صداقت علی خان پر مشتمل صوبائی نظر ثانی بورڈ نے بند کمرے میں سماعت کی۔
نظر ثانی بورڈ نے سماعت کے بعد محکمہ داخلہ کی جانب سے نظر ثانی کی مدت میں توسیع کی استدعا مسترد کردی۔
بورڈ نے استدعا مسترد کرتے ہوئے 10 جولائی کو علامہ سعد حسین رضوی کو رہا کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
سماعت کے بعد سعد رضوی کے وکیل برہان معظم ملک نے بتایا کہ نظر بندی میں ابھی کچھ دن باقی ہیں۔
صحافی کے سوال پر ان کے وکیل نے بتایا سعد رضوی کے خلاف دیگر مقدمات میں ضمانتیں دائر کرنے سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
علامہ سعد رضوی کو پرتشدد مظاہروں کے بعد اپریل دو ہزار 2012 میں نظر بند کیا گیا تھا۔