تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والے مقابلہ حسن میں شریک حسیناؤں کے ماسک نہ پہننے پر انہیں مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مقابلہ حسن کی تقریب منعقد کرنے سے کورونا وائرس کے 22 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد پولیس حکام نے خبردار کیا ہے کہ ’مقابلے میں حصہ لینے والی حسیناؤں پر مجرمانہ الزامات عائد کیے جا سکتے ہیں۔‘
جون کے آخر میں بینکاک میں منعقد ہونے والے ’مس گرینڈ‘ مقابلہ حسن میں حصہ لینے والی 13 حسیناؤں اور عملے کے نو افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
تھائی لینڈ کو کورونا وائرس کی تیسری اور مہلک لہر کا سامنا ہے۔ سنیچر کو وائرس کے نو ہزار 539 نئے کیسز سامنے آئے تھے جبکہ 86 افراد ہلاک ہوئے۔
مزید پڑھیں
بینکاک میٹرو پولیٹن پولیس کے ڈپٹی کمشنر پیا تاویچائی نے اتوار کو صحافیوں کو بتایا کہ ’مقابلہ حسن میں حصہ لینے والوں سمیت تقریب کے دیگر شرکا نے بھی ممکنہ طور پر کورونا کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے۔‘
پولیس کے مطابق ’منتظمین نے تقریب منعقد کرنے کی اجازت لی تھی تاہم ماسک پہننے سمیت 20 واضح قواعد پر عمل درآمد لازمی تھا۔‘
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ’تقریب کے شرکا نے ماسک نہ پہن کر ہنگامی صور تحال سے متعلق فرمان اور بیماریوں پر قابو پانے کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔‘
پولیس کے مطابق ’منتظمین اور شرکا سے تفتیش کی جا رہی ہے اور انہیں مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘

مقابلہ حسن میں حصہ لینے والی 13 حسیناؤں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے (فوٹو: مس گرینڈ)