’تھری ایڈیٹس‘ کے لیے انوشکا کا آڈیشن، جو کسی نے دیکھا تک نہیں

بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے مشہور فلم تھری ایڈیٹس کے لیے آڈیشن ریکارڈ کروایا تھا جو راجکمار ہیرانی اور عامر خان نے دیکھا تک نہیں تھا۔
جب انوشکا نے اس کا ویڈیو کلپ دونوں کو فلم پی کے بعد دکھائی تو دونوں حیران رہ گئے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق انوشکا شرما نے 2007 میں فلم تھری ایڈیٹس میں اس رول کے لیے آڈیشن دیا تھا جو کرینہ کپور نے ادا کیا، تاہم اس وقت ان کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی۔
پی کے کی فلم بندی کے دوران انوشکا شرما نے ایک ویڈیو ریکارڈ کی جو انہوں نے اب ریلیز کی ہے۔
مزید پڑھیں
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انوشکا ’پی کے‘ کے گیٹ اپ میں کیمرے سے مخاطب ہیں اور کہتی ہے ’میں نے اس سے قبل ایک فلم کے لیے آڈیشن تھا اور اس کا نام تھا تھری ایڈیٹس‘ اور ساتھ ہی فلم کے پوسٹر کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔
اس کے فوراً بعد ہی راجکمار ہیرانی کا کلپ چلتا ہے، جس میں وہ کہتے ہیں کہ ’انوشکا نے تھری ایڈیٹس کے لیے آڈیشن دیا تھا؟ نو نو نو‘
اگلے منظر میں وہ مقام دکھائی دیتا ہے جہاں عامر خان بھی ہیں اور راجکما ہیرانی بھی، اور انوشکا انہیں لیپ ٹاپ پر آڈیشن کی ویڈیو دکھاتی ہیں جس میں وہ منا بھائی ایم بی بی ایس کا ڈائیلاگ بول رہی ہیں۔

پی کے فلم بھی اسی ٹیم نے بنائی تھی جس نے تھری ایڈیٹس بنائی (فوٹو: فیس بک، شوبز نیوز)
ویڈیو دیکھتے ہی راجکمار ہیرانی اور عامر خان کا منہ کھلا رہ جاتا ہے اور پھر ہنسنا شروع کر دیتے ہیں۔ ’پی کے‘ میں انوشکا نے ایک رپورٹر جبکہ عامر خان نے ایلین کا رول ادا کیا تھا اور یہ ایک سپرہٹ فلم ثابت ہوئی تھی۔
انوشکا آخری بار آنند ایل رائے کی فلم زیرو  میں دیکھی گئیں جن میں شاہ رخ خان نے مرکزی کردار ادا کیا جبکہ کترینہ کیف نے بھی اداکاری کی تاہم اس بڑی کاسٹ کے باوجود بھی فلم باکس آفس پر کامیاب نہیں رہی۔
اس کے بعد سے انوشکا پروڈکشن کے کام میں مصروف ہیں، ان کے پراجیکٹس میں نیٹ فلیکس پروڈکشن بلبل، پاتال لوک وغیرہ شامل ہیں جبکہ آنے والے دنوں میں وہ عرفان خان کے بیٹے کی پہلی فلم بھی پروڈیوس کر رہی ہیں۔