جب شاہ رخ نے ’ویر زارا‘ سمیت پانچ ہٹ فلموں سے ایشوریہ رائے کو ’نکالا‘

اتوار 19 ستمبر 2021 5:40

شاہ رخ خان اور ایشوریہ رائے بچن نے دیوداس، جوش اور محبتیں سمیت کئی فلموں میں کام کیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور بیوٹی کوئین ایشوریہ رائے بچن نے ’دیوداس‘، ’جوش‘ اور ’محبتیں‘ سمیت کئی فلموں میں اکھٹے کام کیا ہے تاہم ایسا وقت بھی آیا جب ان کے پیشہ ورانہ تعلقات میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔
ویب سائٹ انڈین ایکسپریس کے مطابق ایشوریہ رائے نے انکشاف کیا ہے کہ شاہ رخ خان نے ویر زارا اور چلتے چلتے جیسی ہٹ فلموں سمیت پانچ فلموں سے ان کو نکالا۔
ایشوریہ رائے سے جب پوچھا گیا کہ ایک ساتھ کامیاب فلموں میں کام کرنے کے باوجود شاہ رخ خان نے ان کو کئی فلموں سے نکالا تو اس پر ان کا کہنا تھا کہ ’میں کیسے اس کا جواب دوں؟‘
مزید پڑھیں
انہوں نے پروگرام ’رینڈوس ود سمی گریوال‘ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہاں اس وقت ایک دو دو فلموں سے متعلق بات ہو رہی تھی کہ ہم اس میں کام کریں گے اور پھر اچانک ایسا ہوا کہ وہ نہیں ہوا، کوئی وضاحت دیے بغیر۔‘
شاہ رخ نے بعد میں اپنے فیصلوں پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے 2003 میں انڈیا ٹودے کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’کسی کے ساتھ پراجیکٹ شروع کرنا اور ان کو بغیر کسی غلطی کے پھر تبدیل کرنا بہت مشکل ہے۔ یہ بہت افسوسناک ہے کیونکہ ایش ایک اچھی دوست ہیں۔ بذات خود میرے خیال میں، میں نے غلط کیا تاہم بطور پروڈیوسر کو اس کی وجہ سمجھ آتی ہے۔ میں نے ایش سے معافی مانگی۔‘
جب اس کے بارے میں بتایا گیا تو ایشوریہ نے سمی کو جواب دیا کہ ’میرے پاس اس کا جواب نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ اس بارے کبھی شاہ رخ سے بات نہیں کی کیونکہ یہ ان کی فطرت میں نہیں۔
ایشوریہ کا کہنا تھا کہ ’جب آپ کے پاس وضاحت نہیں ہوتی تو آپ کو تکلیف ہوتی ہے اور آپ کنفیوز ہوتے ہیں۔‘
دونوں اداکاروں نے 2016 میں کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں کام کیا تھا جس میں شاہ رخ خان نے بطور مہمان اداکار کام کیا تھا۔